منگلورو:یکم اکتوبر(ایس اؤ نیوز) ریاست میں لوک آیوکتہ کو دوبارہ مستحکم کرتےہی اس کے اثرات ظاہرہونےلگے ہیں۔ دکشن کنڑا ضلع میں پہلی مرتبہ کارروائی کرتےہوئے لوک آیوکتہ کے افسران نے منگلورو تحصیلدار اوراس کے ایک معاون کو گرفتارکرلیا ہے۔
ایک بزرگ شہری کو رشوت کےلئے ہراساں کئےجانے پر تحصیلدار پورندر ہیگڈے کو رنگے ہاتھوں کیا گیا ہے اسی طرح منگلورو کے منی ودھان سودھا میں فرائض انجام دینے والے وجئے پورا سے تعلق رکھنےو الے تحصیلدار کے معاون شیوانند نٹیکر کو بھی گرفتارکرلیاگیا ہے۔ ایف ڈی سی کےعہدے پر کام کرنے والے شیوانند نے گرفتاری کے وقت بتایا تھا کہ اُس نے یہ رقم تحصیلدار پورندر ہیگڈے کے لئے لی تھی ۔ اسی کے تحت تحصیلدار کو گرفتارکرلیاگیا ہے۔
73سالہ کاوؤر کے ایک بزرگ نے اپنی زمین بیچنے کےلئے این اوسی لینےآئے تھے۔ لیکن ملزم شیوانند باربار بہانے بناتےہوئے بزرگ کو ہراساں کر رہاتھا۔ اس کےعلاوہ 2 ہزار روپئے لینے کےبعد مزید 10ہزارروپیوں کی مانگ کی تو بزرگ نے کسی طرح 5 ہزار روپیوں پر بات منوالی تھی ۔
لوک آیوکتہ سےشکایت :شیوانند کی رشوت خوری سے پریشان بزرگ نے لوک آیوکتہ افسران کو شکایت دی ۔ لوک آیوکتہ آفسران نے اپنےمنصوبے کے تحت کارروائی کرتےہوئے جمعہ کی دوپہرتحصیلدار دفتر پراُس وقت دھاوا بول دیا جب شیوانند 4700 روپئے رشوت لے رہاتھا۔ افسران نے نے رنگے ہاتھوں شیوانند کو گرفتارکرلیا۔ اس کے بعد تحصیلدار کو بھی اپنی تحویل میں لےکر دونوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیاگیا ہے۔ لوک آیوکتہ ایس پی لکشمی گنیش کی رہنمائی میں ڈی وائی ایس پی چلویراج اور کلاوتی ، انسپکٹر امان اللہ ، جئے رام گوڈا اورعملہ کارروائی میں شریک تھا۔
خیال رہےکہ سنیچر کو دونوں ملزموں نےعدالت میں ضمانت کی درخواست کی تو منگلورو کی عدالت نے ضمانت سے انکار کرتےہوئےعدالتی تحویل کا حکم صادرکیا۔